بیلتنگڈی یکم/ اکتوبر (ایس او نیوز) قانونی طور پر نابالغ دسویں جماعت کی طالبہ کی عصمت دری کرنے اور اسے حاملہ کرنے کے الزام میں پوکسو اورآئی پی سی قانون کے تحت دو ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرلیا جن کی شناخت رویندرا اور یوگیش کے طور پر کی گئی ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق نابالغ طالبہ کی عصمت دری اور حمل ٹھہرنے کا یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کووڈ ویکسین لگوانے کے لئے طالبہ اسپتال گئی ہوئی تھی ۔ وہاں پر اسٹاف نے محسوس کیا کہ لڑکی حاملہ ہے ۔ پھر پوچھ تاچھ کرنے پر لڑکی نے اپنی زبان کھولی جس کے بعد لڑکی کے والدین نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ چونکہ ملزمین نے لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکی دے رکھی تھی اس لئے اس نے یہ بات اپنے والدین ، رشتے دار اور دوستوں سے چھپائی تھی ۔ اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔
اسی طرح کے ایک دوسرے واقعہ میں بیلتنگڈی کے پونجالکٹے پولیس اسٹیشن سے وابستہ افسران نے نواز نامی ایک شخص کو پوکسو قانون کے تحت گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے اس نے ایک نابالغ لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر اس کے ساتھ جنسی تعلقات بنائے تھے ۔
معلوم ہوا ہے کہ مبینہ طور پر نواز نے مذکورہ نابالغ لڑکی کے ساتھ عشق و محبت کا ناٹک کیا تھا اور پھر دھمکیاں دے کر اس کا جنسی استحصال کرتا رہا ۔ اس تعلق سے پونجالکٹے پولیس اسٹیشن میں لڑکی کے والدین کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نواز کو گرفتار کرلیا ۔